|

عوامی غصہ بڑھ رہا ہے، سیاسی قیادت نے رہنمائی نہ کی تو نتائج سنگین ہوں گے، علیمہ خانم

راولپنڈی: بانی  تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام غصے میں آ کر خود سڑکوں پر نکل آئے تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں عوامی جذبات کو منظم انداز میں لیڈ کریں تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔

راولپنڈی کے گورکھپور فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خانم نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے عوام سڑکوں پر آنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں شدید بے چینی اور غصہ پایا جاتا ہے اور اگر لوگ اس مرتبہ کسی سیاسی قیادت کے بغیر خود میدان میں آ گئے تو معاملات قابو سے باہر جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا موجودہ سیاسی اور انتظامی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور عوام اس صورتحال سے سخت نالاں ہیں، اگر عوام نے ازخود احتجاج کا راستہ اختیار کیا تو اس کے نتائج “بہت بھیانک اور خطرناک” ہو سکتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتیں اس پورے عمل کی قیادت کریں اور معاملات کو پرامن اور آئینی دائرے میں رکھیں۔

علیمہ خانم نے کہا کہ ان کی رائے میں موجودہ حالات میں بانی پی ٹی آئی کو ہی سیاسی جدوجہد کی قیادت کرنی چاہیے، عوام کی بڑی تعداد ان کی قیادت پر اعتماد رکھتی ہے، اس لیے سیاسی تحریک کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ان کا کردار اہم ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے ان سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کے بیان سے متعلق سوال کیا، وہ اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتیں کیونکہ انہیں اس حوالے سے مکمل معلومات نہیں ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی نئی سیاسی بحث کو جنم دینا نہیں بلکہ صرف ان حالات کی نشاندہی کرنا ہے جو انہیں موجودہ صورتحال میں نظر آ رہے ہیں، عوام کے اندر پائی جانے والی بے چینی کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے تاکہ سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *