نئے صوبوں کے قیام پر ن لیگ اور پی ٹی آئی میں اتفاق
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر اتفاق کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کو ترجیحی بنیادوں پر صوبہ بنانے کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ نئے صوبے ضرور بنیں گے، وزیراعظم شہباز شریف ہی نئے صوبوں کے قیام کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رائے سے اتفاق کرتے ہیں، جنوبی پنجاب کے قیام پر وسیع اتفاقِ رائے موجود ہے اور سب سے پہلے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جانا چاہیے۔
ملک عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ نئے صوبے آبادی کی بنیاد پر تشکیل دیے جانے چاہئیں، ان کی ترجیح ہے کہ جنوبی پنجاب کو پہلے صوبے کی حیثیت دی جائے۔
دوسری جانب سندھ میں نئے صوبوں کے معاملے پر سیاسی اختلافات بدستور برقرار ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) طویل عرصے سے کراچی کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کرتی آ رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی اس تجویز کی مسلسل مخالفت کرتی رہی ہے۔ اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بھی بحث جاری ہے، جہاں بعض صارفین کا کہنا ہے کہ اگر کراچی کو الگ صوبے کی حیثیت مل گئی تو سندھ کی سیاست میں پیپلز پارٹی کا اثر و رسوخ نمایاں طور پر کم ہو سکتا ہے ، یہ رائے سوشل میڈیا صارفین کی ہے اور اس حوالے سے کوئی باضابطہ سیاسی اتفاقِ رائے یا فیصلہ موجود نہیں ہے۔