اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کے بعد سے ایرانی حملوں میں 200 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہوئے: پاسداران انقلاب
ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل حسین محبی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کے بعد ایران کی جانب سے کیے گئے جوابی حملوں میں 200 سے زائد امریکی فوجی ہلاک جبکہ اس سے کہیں زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں جنرل حسین محبی نے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے جاری کیے گئے امریکی ہلاکتوں کے اعداد و شمار حقیقت کے برعکس ہیں۔
ان کے مطابق ایرانی حملوں کے دوران خطے میں قائم امریکا کے آٹھ فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایک مقام پر موجود 20 حفاظتی شیلٹرز بھی تباہ کر دیے گئے۔
جنرل محبی کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کو صحافیوں کو متاثرہ فوجی اڈوں کا دورہ کرانا چاہیے تاکہ وہ خود وہاں ہونے والے نقصانات اور ممکنہ ہلاکتوں کا جائزہ لے سکیں۔ ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران امریکی فوجی اڈوں پر کیے گئے حملوں میں 11 جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر بھی تباہ کیے گئےـ