| |

وزیراعظم کا سرکاری اداروں کی نجکاری مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ طے شدہ اہداف اور ٹائم لائنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے متعلقہ اداروں کو شفاف اور مؤثر انداز میں نجکاری کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مختلف اداروں کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے مراحل پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں ترتیب دیا جائے کہ ادارے کا بنیادی مقصد متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی معاونت اور کسانوں کو مالی سہولتوں کی فراہمی کا عمل ہر صورت جاری رہنا چاہیے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کو زرعی قرضوں تک آسان رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے کسانوں کو بروقت مالی وسائل فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

اجلاس میں وزارتِ نجکاری نے حکومت کو نجکاری پروگرام کی مجموعی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ اس دوران مختلف سرکاری اداروں کے لیے طے شدہ اہداف، موجودہ مراحل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری سے متعلق فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پی آئی اے کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل ہوئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ باقی تمام اداروں کی نجکاری بھی مقررہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھائی جائے تاکہ حکومتی اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *