بلوچستان میں سیکیورٹی
|

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، زیارت، ہرنائی اور سوراب میں کیے گئے خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشنز کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔

 نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ زیارت اور ہرنائی کے درمیان واقع پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کے بعد مربوط انداز میں کارروائی کو آگے بڑھایا اور دہشت گردوں کو فرار ہونے کا موقع نہیں دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں بھی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ کارروائی کے دوران دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان مؤثر ناکہ بندی قائم کرکے دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے گولہ بارود، میگزین، دستی بم، مواصلاتی آلات، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے، جبکہ کارروائی کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کے پختہ عزم کا اظہار ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کارروائیوں میں حصہ لینے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں اور ملک میں امن و سلامتی کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *