پنجاب حکومت کا رشوت اور شکایات کے خاتمے کے لیے بڑا قدم
لاہور: پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں میں شکایات کے بروقت ازالے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نئی موبائل فون ہیلپ لائن متعارف کرا دی ہے۔ پنجاب حکومت ہیلپ لائن 1350 کے ذریعے شہری اور سرکاری ملازمین اپنی شکایات متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نئی ہیلپ لائن کے ذریعے سرکاری محکموں سے متعلق مختلف نوعیت کی شکایات درج کرائی جاسکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں اور سرکاری ملازمین کو شکایات کے اندراج کے لیے ایک آسان اور براہ راست ذریعہ فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹواری، گرداور، تحصیلدار، پولیس اہلکار، منشی، محرر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور دیگر سرکاری عہدوں سے متعلق شکایات بھی ہیلپ لائن پر درج کرائی جاسکیں گی۔
اگر کسی شہری سے سرکاری کام کے عوض رشوت طلب کی جاتی ہے تو وہ بھی ہیلپ لائن کے ذریعے اپنی شکایت متعلقہ حکام تک پہنچا سکتا ہے۔ اسی طرح سرکاری ملازمین کو اپنے جائز مسائل کے حل کے لیے بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کی اجازت ہوگی۔
پنجاب حکومت کے اعلان کے مطابق شہری اور سرکاری ملازمین اپنے موبائل فون سے 1350 پر کال کرکے شکایت درج کراسکتے ہیں۔ شکایت موصول ہونے کے بعد متعلقہ حکام مسئلے کا جائزہ لے کر اس کے حل کے لیے ضروری کارروائی کریں گے۔
حکام کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ جائز شکایات کے ازالے اور مسائل کے بروقت حل کے لیے نئی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
پنجاب حکومت ہیلپ لائن 1350 کا اجرا سرکاری محکموں سے متعلق شکایات کو براہ راست متعلقہ حکام تک پہنچانے کی کوشش ہے۔ اس اقدام سے شہریوں کو سرکاری امور میں پیش آنے والی مشکلات کی نشاندہی کرنے اور ان کے حل کے لیے باضابطہ طریقہ کار میسر آئے گا۔