ڈی این اے
|

ڈی این اے ٹیسٹ نے 26 سالہ کار سیلز مین کو شاہی خاندان کا فرد بنا دیا

برسلز: بیلجیئم میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں کاروں کی فروخت کا کام کرنے والا 26 سالہ نوجوان ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد قانونی طور پر شاہی خاندان کا فرد بن گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کلیمون وانڈن کرک ہوف کو بیلجیئم کے شہزادہ لوراں کا حیاتیاتی بیٹا تسلیم کرلیا گیا ہے۔ کلیمون اگست 2000 میں معروف گلوکارہ وینڈی فان وانٹن کے ہاں پیدا ہوئے تھے، تاہم ان کی والدہ نے انہیں طویل عرصے تک ان کے والد کی شناخت سے آگاہ نہیں کیا۔

رپورٹس کے مطابق کلیمون کو 16 سال کی عمر میں اپنے والد کے بارے میں معلومات ملیں، جس کے بعد انہوں نے شہزادہ لوراں سے رابطہ کیا۔ معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے شہزادہ لوراں نے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کی۔

ٹیسٹ کے نتائج نے کلیمون اور شہزادہ لوراں کے درمیان حیاتیاتی والد اور بیٹے کا رشتہ ثابت کردیا۔ اس پیش رفت کے بعد دونوں نے اپنے تعلق کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کی جانب قدم بڑھایا۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً چھ ماہ قبل دونوں نے ٹاؤن ہال میں ایک سادہ تقریب کے دوران اپنے رشتے کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس کے بعد شہزادہ لوراں نے سول رجسٹری میں بھی کلیمون کی ولدیت تسلیم کرلی۔

قانونی طور پر والد کی شناخت تسلیم کیے جانے کے بعد کلیمون کو شہزادہ لوراں کی نجی جائیداد میں ان کے تین سوتیلے بہن بھائیوں کے برابر وراثتی حقوق حاصل ہوگئے ہیں۔

تاہم شاہی خاندان کا حصہ بننے کے باوجود کلیمون کو شاہی وظیفہ نہیں ملے گا۔ انہیں شاہی خاندان کی جانب سے سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنے کا اختیار بھی حاصل نہیں ہوگا۔

اسی طرح قانونی شناخت کے باوجود کلیمون بیلجیئم کے تخت کے وارث نہیں بنیں گے اور شاہی جانشینی میں ان کا کوئی حق نہیں ہوگا۔

یہ واقعہ اس لحاظ سے غیر معمولی ہے کہ ایک عام زندگی گزارنے والے نوجوان کو کئی برس بعد ڈی این اے کے ذریعے اپنے شاہی پس منظر کا علم ہوا اور قانونی کارروائی کے بعد اسے شاہی خاندان سے باضابطہ طور پر جوڑ دیا گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *