میڈیکل داخلہ ٹیسٹ
|

میڈیکل داخلہ ٹیسٹ دینے والے طلبہ کیلئے اہم ہدایات جاری

میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان 20 ستمبر کو پنجاب بھر میں منعقد ہوگا، جس کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت ہونے والے داخلہ ٹیسٹ میں 48 ہزار سے زائد امیدواروں کی شرکت متوقع ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے کے 15 بڑے شہروں میں مجموعی طور پر 33 امتحانی مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔ ان شہروں میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، لیہ، بہاولنگر اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

حکام نے تمام امتحانی مراکز پر گریڈ تھری کے سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ امتحان شروع ہونے سے پہلے سول ڈیفنس اور اسپیشل برانچ کی ٹیمیں مراکز کا مکمل معائنہ اور اسکیننگ کریں گی۔ امتحانی عملے میں شامل انویجیلیٹرز اور سپرنٹنڈنٹس کے لیے بھی اسپیشل برانچ سے سیکیورٹی کلیئرنس لازمی قرار دی گئی ہے۔

امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے جائیں گے، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی کی جائے گی۔ خواتین امیدواروں کی سہولت اور تحفظ کے لیے خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بھی ہوگی۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ مراکز پر موجود رہے گا۔ قریبی سرکاری اسپتالوں کو بھی ٹیسٹ کے دوران اسٹینڈ بائی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امتحانی مراکز پر بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے جنریٹرز کا انتظام بھی یقینی بنایا جائے گا۔

محکمہ داخلہ نے امتحانی پرچوں کی محفوظ ترسیل کے دوران یو ایچ ایس کی ٹیموں کو پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یو ایچ ایس کے اطراف پولیس کی چوبیس گھنٹے تعیناتی اور تمام شہروں میں امتحانی مراکز کے قریب مؤثر گشت بھی کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کو امتحانی مراکز سے مناسب فاصلے پر پارکنگ کا انتظام کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی منصوبہ نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امتحانی مقامات کے قریب گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ امتحان ختم ہوتے ہی امیدواروں کے منظم اور محفوظ انخلا کے انتظامات کیے جائیں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *