پولیس اصلاحات یا
|

پولیس اصلاحات یا کمانڈ کا سیاسی مرکز؟

ریاستی اداروں کی اصلاح کا بنیادی مقصد انہیں کمزور کرنا نہیں، مضبوط بنانا ہوتا ہے۔ خاص طور پر پولیس جیسے ادارے کے معاملے میں اصلاحات کا پیمانہ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت کے ہاتھ میں کتنے نئے اختیارات آئے بلکہ یہ ہونا چاہیے کہ پولیس کتنی مؤثر، جوابدہ، غیر جانب دار اور پیشہ ورانہ طور پر خودمختار ہوئی۔ خیبرپختونخوا جیسے صوبے میںجہاں دہشت گردی اور بدامنی کا چیلنج معمول کی انتظامی مشکلات سے کہیں بڑا ہے، پولیس کے ڈھانچے میں ہونے والی ہر تبدیلی کے اثرات صرف پولیس ہی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ براہِ راست عوامی تحفظ اور صوبے کی مجموعی سکیورٹی پر بھی ہوں گے۔خیبرپختونخوا میںپولیس ایکٹ 2026 کے نام سے جو بل لایا جارہا ہے اسے معمول کی قانونی ترمیم نہیں کہا جا سکتا۔ اس کے ذریعے پولیس کے انتظامی ڈھانچے، پالیسی سازی، نگرانی، احتساب، بھرتیوں اور اعلیٰ افسران کی تعیناتی کے نظام میں ایسی تبدیلیاں زیرِ غور ہیں جو پولیس اور سیاسی انتظامیہ کے درمیان اختیارات کے توازن کو نمایاں طور پر تبدیل کر سکتی ہیں۔ مسئلہ یہ نہیں کہ حکومت پولیس کو جوابدہ بنانا چاہتی ہے یا نہیں، جوابدہی توہر جمہوری نظام کی ضرورت ہے۔ اصل تشویش یہ ہے کہ مجوزہ قانون کے تحت پولیس کے انتظامی فیصلوں میں حکومت کا کردار کہاں تک محدود رہے گا اور پولیس کے پیشہ ورانہ فیصلوں کے لیے کتنی گنجائش باقی رہے گی۔
سب سے اہم تبدیلی آئی جی پولیس کی تعیناتی کے طریقہ کار سے متعلق ہے۔ موجودہ نظام میںوفاقی حکومت تین افسران کے نام صوبائی حکومت کو بھیجتی ہےاور ان میں سے ایک کا انتخاب صوبائی حکومت کرتی ہے۔ موجودہ ترتیب اس کے بالکل برعکس ہے۔ یوں بظاہر یہ ایک انتظامی طریقہ کار کی تبدیلی ہے لیکن عملی طور پر یہ پولیس کی اعلیٰ ترین کمان کے انتخاب میں صوبائی حکومت کے کردار کو براہِ راست بڑھا رہی ہے۔ یہ بات بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ کیا ملک کے کسی دوسرے صوبے میں یہی ماڈل رائج ہے یا خیبرپختونخوا میں ایک نیا انتظامی تجربہ کیا جا رہا ہے۔اختیار کا دائرہ صرف آئی جی کی تعیناتی تک محدود نہیں ۔ مجوزہ قانون میں وزیراعلیٰ کو پولیس پالیسی بورڈ کی سربراہی دینے کی تجویز ہے۔ پولیس کا سالانہ صوبائی منصوبہ بھی اسی بورڈ کی منظوری سے مشروط ہوگاجبکہ امن و امان سے متعلق حکومتی ہدایات پر فوری عمل پولیس کے لیے لازم ہوگا۔ اگر پولیس سربراہ کو امن و امان کی مکمل ذمہ داری دی جائے لیکن پالیسی، مالیات اور عملی فیصلوں میں اس کے اختیارات سیاسی انتظامیہ کی ہدایات سے مشروط ہوں تو ذمہ داری اور اختیار کا توازن کیسے قائم رہے گا؟
پولیس کی پیشہ ورانہ کمانڈ اسی وقت موثر ہوتی ہے جب ذمہ دار افسر کے پاس اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کا مناسب اختیار بھی ہو۔ بصورتِ دیگر ایک ایسا نظام پیدا ہو سکتا ہے جس میں جواب دہی تو پولیس سربراہ سے مانگی جائے مگر فیصلہ سازی کے بنیادی اختیارات اس کے پاس نہ ہوں۔مجوزہ قانون میں گریڈ 18 اور اس سے اوپر کے پولیس افسران کی پوسٹنگز میں بھی وزیراعلیٰ کو براہِ راست اختیار دینے کی تجویز ہے۔ ضلعی اور علاقائی پولیس سربراہان کی تعیناتی کے لیے وزیراعلیٰ کی منظوری لازم ہونے سے فیلڈ کمانڈ میں سیاسی منظوری کا ایک اضافی مرحلہ پیدا ہوگا۔ اس کا سب سے اہم اثر کمانڈ چین پر پڑ سکتا ہے۔ یہ تبدیلی اس لیے اہم ہے کہ آئی جی پولیس کی تقرری براہِ راست پولیس کی کمان اور اس کی انتظامی سمت سے جڑی ہوئی ہے۔بھرتیوں کا معاملہ بھی کم اہم نہیں۔ ڈی ایس پی سطح پر 25 فیصد براہِ راست بھرتی کی تجویز پولیس کے روایتی سروس اسٹرکچر میں ایک بڑی تبدیلی ہوگی۔ براہِ راست بھرتی بذاتِ خود مسئلہ نہیںلیکن اس کے لیے شفاف، واضح اور غیر سیاسی طریقہ کار بنیادی شرط ہے۔ اگر میرٹ اور ادارہ جاتی نگرانی کمزور ہوئی تو اس کے اثرات صرف بھرتی کے مرحلے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ترقی، سروس اسٹرکچر، مورال اور مستقبل کی کمانڈ پر بھی پڑ سکتے ہیں۔چند برس بعد یہی افسران ایس پی اور ایس ایس پی کی سطح تک پہنچیں گےاس لیے آج کی بھرتی آنے والے برسوں میں پولیس کی اعلیٰ کمان کی تشکیل پر براہِ راست اثر ڈالے گی۔ایک اور اہم پہلو تنازعات کے حل کے لیے قائم کونسلوں، یعنی ڈی آر سی کا ہے۔یہ نظام 2015 سے مقامی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے کام کر رہا ہے اور تقریباً 85 ہزار مقدمات و تنازعات حل کیے جانے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ اس نظام نے معمولی نوعیت کے تنازعات کو عدالتوں سے باہر نمٹانے، عدالتی بوجھ کم کرنے اور مقامی سطح پر سماجی ہم آہنگی پیدا کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ اگر ان اداروں کے ارکان کی تقرری اور مدت حکومت یا سیاسی عہدیداروں کے اختیار میں زیادہ آ جائے تو ان کے فیصلوں کی غیر جانب داری پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔ کسی مؤثر متبادل نظام کے بغیر موجودہ ڈھانچے کو سیاسی اثر سے جوڑ دینا ایک ایسے مقامی نظام کو کمزور کر سکتا ہے جس کا مقصد ہی غیر رسمی اور نسبتاً آزادانہ انداز میں تنازعات حل کرنا ہے۔اسی طرح پبلک سیفٹی کمیشن اور دیگر نگرانی کے اداروں کی ساخت بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اگر آزاد ارکان کی تقرری، مدت اور برطرفی کا اختیار حکومت کے پاس ہو تو قانونی طور پر آزاد کہلانے والا ادارہ عملی طور پر کس حد تک آزاد رہ سکے گا؟
یہاں مسئلہ کسی ایک شق کا نہیں۔اگر پالیسی سازی، افسران کی تعیناتی، نگرانی اور احتساب، چاروں شعبوں میں حکومت کا کردار بڑھ جائے تو پولیس کے ادارہ جاتی توازن پر اثر پڑتا ہے۔ یہاں پولیس اصلاحات اور انتظامی کنٹرول کے فرق کو واضح رکھنا ضروری ہے۔
پولیس کو جوابدہ ضرور ہونا چاہیے لیکن جوابدہی کا مطلب سیاسی تابع داری نہیں۔ اسی طرح پولیس کی پیشہ ورانہ خودمختاری کا مطلب یہ بھی نہیں کہ پولیس عوام، پارلیمان یا منتخب حکومت کو جواب دہ نہ ہو۔ ایک مضبوط نظام وہی ہے جس میں حکومت پالیسی طے کرے، پولیس قانون کے مطابق اس پر عمل کرے، افسران اپنے فیصلوں کے لیے جواب دہ ہوں اور نگرانی کے ادارے واقعی آزادانہ طور پر اپنا کردار ادا کریں۔
خیبرپختونخوا کی موجودہ حساس صورتحال میں جہاں پولیس کو دہشت گردی، شدت پسندی اور مسلسل امن و امان کے خطرات کا سامنا ہے، کمانڈ میں غیر یقینی، سیاسی وابستگی کا تاثر، میرٹ پر سوال یا انتظامی تسلسل میں خلل محض ادارہ جاتی مسئلہ نہیں رہتا۔ اس کے اثرات پولیس کے مورال، آپریشنل کارکردگی اور انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیت تک پہنچ سکتے ہیں۔اس لیے اس قانون پر بحث کو حکومت بمقابلہ اپوزیشن یا اصلاحات بمقابلہ مزاحمت کی سطح تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ اصل بحث یہ ہونی چاہیے کہ پولیس کو کس طرح زیادہ مؤثر بھی بنایا جائے اور سیاسی مداخلت سے محفوظ بھی رکھا جائے،کس طرح اسے جوابدہ بھی بنایا جائے اور اس کی پیشہ ورانہ کمانڈ بھی برقرار رکھی جائے اور کس طرح حکومت کا جائز انتظامی اختیار بھی قائم رہے اور پولیس کی ادارہ جاتی خودمختاری بھی متاثر نہ ہو۔ اگر اصلاحات کا مقصد واقعی پولیس کو مضبوط بنانا ہے تو قانون کو ایسا توازن پیدا کرنا ہوگا جس میں اختیار اور ذمہ داری ایک ہی جگہ جمع ہوں، نگرانی آزاد ہو، بھرتی شفاف ہو اور کمانڈ واضح ہوکیونکہ دہشت گردی سے لڑنے والی پولیس کے لیے سب سے قیمتی چیز اختیارات نہیں، واضح کمانڈ، ادارہ جاتی تسلسل، میرٹ اور پیشہ ورانہ اعتمادہے۔ ان میں سے کسی ایک کو کمزور کرنے کا اثر صرف پولیس پر نہیں ہو گا بلکہ اس کا بوجھ پورے صوبے اور اس کے عوام کو اٹھانا پڑے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *