|

نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں: وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ طے شدہ اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر زرعی ترقیاتی بینک کی توجہ برقرار رہنی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے مالی وسائل تک رسائی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ترقی پاکستان کی معاشی ترقی اور غذائی تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

اجلاس میں وزارتِ نجکاری کی جانب سے نجکاری پروگرام، مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے اہداف پر بریفنگ دی گئی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *