محکمہ موسمیات کی
| |

محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 13 سے 15 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمی نظام کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ کئی شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمے کے مطابق مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ان علاقوں کو متاثر کررہا ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہنیرا، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور متاثر ہوسکتے ہیں۔ گلگت بلتستان میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی بارش متوقع ہے۔

بالائی خیبرپختونخوا میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلیات، بونیر، باجوڑ، مہمند، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہری پور، کرم اور خیبر میں بارش کا امکان ہے۔

شمال مشرقی پنجاب میں مری، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

اسی دوران 13 اگست کی شام یا رات سے 15 اگست تک اسلام آباد، راولپنڈی اور کوہستانی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

سندھ کے جنوب مشرقی اور ساحلی علاقوں میں 12 اور 13 اگست کو مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔ تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔

محکمے نے سیاحوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں موسمی صورتحال کے پیش نظر غیرضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *