حج 2027 پیکیجز، پہلی قسط اور اخراجات کی تفصیلات جاری
اسلام آباد: حج 2027 پیکیجز کے حوالے سے اہم معلومات سامنے آگئی ہیں۔ وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ عازمین سے حج اخراجات کی پہلی قسط اگست کے پہلے ہفتے میں وصول کیے جانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سال عازمین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے حج اخراجات دو اقساط میں وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ درخواست گزاروں پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے۔
طویل حج پیکیج کی پہلی قسط
ذرائع کے مطابق طویل حج پیکیج 38 سے 42 دن پر مشتمل ہوگا۔ اس پیکیج کے لیے درخواست دینے والے عازمین کو پہلی قسط کے طور پر 5 لاکھ روپے جمع کرانے ہوں گے۔
مختصر حج پیکیج کی پہلی قسط
دوسری جانب مختصر حج پیکیج 20 سے 25 دن پر مشتمل ہوگا، جس کے لیے پہلی قسط 5 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کیے جانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے تخمینہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے حج اخراجات کا ابتدائی تخمینہ تقریباً 12 لاکھ 50 ہزار روپے رکھا گیا ہے، تاہم حتمی رقم وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد واضح ہوگی۔
درخواستیں کب شروع ہوں گی؟
وزارتِ مذہبی امور جلد حج 2027 کی درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ شیڈول جاری کرے گی۔ شیڈول کے اعلان کے بعد نامزد بینکوں میں درخواستیں اور پہلی قسط جمع کرانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
رجسٹریشن کا عمل جاری
ذرائع کے مطابق مستقبل کے حج انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے 2030 تک رجسٹریشن اور منصوبہ بندی کا عمل بھی متوازی طور پر جاری رکھا جائے گا۔ نئے رجسٹریشن نظام کے تحت اب تک 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد اپنی رجسٹریشن مکمل کروا چکے ہیں۔