|

محسن نقوی طاقتور ترین وزیر، کئی معاملات میں وزیراعظم کو بھی جوابدہ نہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر محسن نقوی سسٹم کو ناکام قرار دے رہے ہیں تو پھر حکومت کو گھر چلے جانا چاہیے، محسن نقوی اس حکومت کے طاقتور ترین وزیر ہیں اور کئی معاملات میں وہ وزیراعظم کو بھی جوابدہ نہیں ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ محسن نقوی وزیر داخلہ ہونے کے باوجود حکومتی سسٹم کا حصہ نظر نہیں آتے، میں نے انہیں کابینہ کے اجلاسوں میں صرف دو یا تین مرتبہ دیکھا ہے، محسن نقوی پارلیمنٹ بھی صرف سات یا آٹھ بار آئے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اتنے بااختیار وزیر خود سسٹم پر سوال اٹھا رہے ہیں اور اسے ناکام قرار دے رہے ہیں تو پھر حکومت کے پاس اقتدار میں رہنے کا جواز نہیں بنتا۔

خیال رہےکہ  چند روز قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ریاستی ادارے، انتظامی ڈھانچہ اور نظام عوام کے مسائل حل کرنے میں مؤثر ثابت نہ ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ سسٹم ناکام ہو رہا ہے۔

خواجہ آصف کا تازہ بیان اسی تناظر میں سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے محسن نقوی کے ریمارکس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب حکومت کے سب سے بااختیار وزرا میں سے ایک خود نظام پر عدم اطمینان کا اظہار کرے تو یہ پوری حکومت کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *