عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونا اور چاندی مزید مہنگی
کراچی میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، عالمی بلین مارکیٹ میں قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونا اور چاندی مزید مہنگی ہوگئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 8 ڈالر کے اضافے سے 4 ہزار 349 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھنے میں آئے۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے بڑھ گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 57 ہزار 336 روپے فی تولہ ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 685 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 92 ہزار 91 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 77 روپے مہنگی ہوکر 6 ہزار 903 روپے کی سطح پر آگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت میں 66 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 5 ہزار 918 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیاں مقامی صرافہ بازار میں سونے اور چاندی کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔ عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتیں نئی بلند سطحوں کی جانب بڑھ رہی ہیں۔