|

ہنگو میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کارروائی، ماسٹر مائنڈ ہلاک

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک اہم انٹیلی جنس بنیاد کارروائی کرتے ہوئے خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے،کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق چھپری نریاب کے قریب 15 سے 18 دہشت گردوں، جنہیں حکام کی جانب سے خوارج قرار دیا گیا، کی نقل و حرکت دیکھی گئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے مشترکہ کارروائی شروع کی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے مزاحمت کی، جس کے جواب میں سکیورٹی اہلکاروں نے بھرپور کارروائی کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد مارا گیا، جس کی شناخت خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کے طور پر کی گئی ہے،ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھا اور اس کی سرگرمیوں پر کافی عرصے سے نظر رکھی جا رہی تھی۔

پولیس کے مطابق علاقے میں کارروائی کے بعد سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاکہ فرار ہونے والے دیگر دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ آپریشن کے دوران حساس مقامات کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ قریبی علاقوں میں بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 29 جولائی کو ضلع ہنگو کی خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے بڑا حملہ کیا تھا۔ حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ذمہ دار عناصر کی گرفتاری اور خاتمے کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ اور انٹیلی جنس بنیاد کارروائیاں تیز کر دی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائی اسی سلسلے کی ایک اہم کامیابی ہے، جس میں حملے کے منصوبہ ساز کو ہلاک کیا گیا ہے، دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *