وفاقی وزیر امیر مقام کی راولاکوٹ میں دھرنے پر بیٹھے افراد کو مذاکرات کی پیشکش
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کو مذاکرات کی پیشکش کر دی۔
ایک گفتگو کے دوران امیر مقام نے کہا کہ راولاکوٹ کے لوگ کشمیری تھے، ہیں اور ہمیشہ کشمیری رہیں گے۔
انہوں نے دھرنے میں شریک افراد کو بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تمام مظاہرین دہشت گرد نہیں، بلکہ ان میں اکثریت محبِ وطن افراد پر مشتمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین منفی عزائم رکھنے والے عناصر سے خود کو الگ کریں اور حکومت کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کریں۔
وفاقی وزیر نے خواجہ آصف کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے دوران بھی راولاکوٹ کے عوام نے پاکستان کے لیے قربانیاں دیں، جبکہ پونچھ کے عوام سرحدوں کے محافظ ہیں اور عزت و احترام کے مستحق ہیں۔