|

چین میں کاسمیٹک سرجری کے دوران غفلت، خاتون کا چہرہ متاثر

چین میں معمولی کاسمیٹک مسئلہ درست کرانے کے لیے اسپتال جانے والی 24 سالہ خاتون مبینہ طبی غفلت کے باعث شدید جسمانی اور ذہنی اذیت کا شکار ہو گئیں، جہاں ایک معمولی جبڑے کی خرابی دور کرنے کے بجائے سرجری کے بعد ان کے چہرے کی ساخت ہی تبدیل ہو گئی۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق خاتون ووہان یونیورسٹی کے ڈینٹل اسپتال میں جبڑے کے محض 2 ملی میٹر ابھار کی درستگی کے لیے پہنچی تھیں، تاہم الزام ہے کہ آپریشن کے دوران مطلوبہ اصلاح کے برعکس جبڑے کو تقریباً 13 ملی میٹر باہر کی جانب منتقل کر دیا گیا، جس سے چہرے کا توازن بری طرح متاثر ہو گیا۔

 

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جراحی کے دوران استعمال ہونے والی دھاتی سوئی سے ایک دانت کی جڑ کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ ناک کی ہڈی اپنی اصل حالت سے ہٹ جانے کے باعث خاتون کو ناک سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ چہرے کی مجموعی بناوٹ بھی نمایاں طور پر تبدیل ہو گئی۔

 

طبی ماہرین نے اس واقعے کو سنگین پیشہ ورانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض معمولی طبی غلطی نہیں بلکہ بنیادی نوعیت کی جراحی خرابی ہے۔ ان کے مطابق خاتون کے جبڑے میں موجود معمولی مسئلہ جراحی کے بجائے دانتوں کی ترتیب درست کرنے والے علاج، جیسے بریسز، کے ذریعے بھی باآسانی حل کیا جا سکتا تھا۔

 

دوسری جانب سرجری کرنے والے مرکزی معالج نے مبینہ طور پر مؤقف اختیار کیا کہ آپریشن کے بعد خاتون کا چہرہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ مغربی طرز اور دلکش دکھائی دیتا ہے، تاہم یہ بیان بھی شدید تنقید کی زد میں آ گیا۔

 

متاثرہ خاتون کے مطابق انہوں نے اس کاسمیٹک سرجری پر 55 ہزار امریکی ڈالر سے زائد رقم خرچ کی، جبکہ ماہرین کا اندازہ ہے کہ چہرے اور جبڑے کو دوبارہ اصل حالت کے قریب لانے کے لیے کم از کم 5 سال درکار ہوں گے اور علاج پر 2 لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ لاگت آ سکتی ہے۔

 

واقعہ منظر عام پر آنے اور سماجی ذرائع ابلاغ پر تیزی سے پھیلنے کے بعد اسپتال نے سرجری کی وصول کی گئی رقم واپس کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، جبکہ چینی صحت حکام نے معاملے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ تحقیق مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *