فیفا نے ’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘ منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا
فیفا کے صدر جیانی انفانتینو نے اعلان کیا ہے کہ فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبہ باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ بیان میں جیانی انفانتینو نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کا انحصار فیفا سے وابستہ رکن ممالک کی اکثریتی حمایت پر تھا، تاہم تمام فریقوں کی آرا اور تحفظات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے پر مزید پیش رفت نہیں کی جائے گی اور اسے مکمل طور پر واپس لے لیا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے نے عالمی فٹبال میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے بجائے اختلافات کو جنم دیا، اس لیے اسے مزید جاری رکھنا کھیل کے وسیع تر مفاد میں نہیں تھا۔
فیفا صدر کے مطابق عالمی فٹبال کی ترقی، اتحاد اور باہمی تعاون ہمیشہ ادارے کی اولین ترجیح رہے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت تمام متعلقہ فریقوں کو دوبارہ ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ باہمی مشاورت کے ذریعے کھیل کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبہ اب باضابطہ طور پر ختم ہو چکا ہے، تاہم وسائل سے محروم اور ضرورت مند ممالک میں فٹبال کی ترقی اور معاونت کے لیے فیفا اپنی کاوشیں پہلے کی طرح جاری رکھے گا، جبکہ اس منصوبے سے متعلق آئندہ کسی نئی تجویز یا اقدام پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔