جی ایچ کیو میں چینی فوج کی 99 ویں سالگرہ تقریب، دفاعی شراکت داری کے عزم کا اعادہ
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک چین افواج علاقائی امن اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
جی ایچ کیو میں منعقدہ چینی پیپلز لبریشن آرمی کے 99 ویں یوم تاسیس کی پروقار تقریب میں دفاعی تعاون کے عزم کو دہرایا گیا ہے۔
تقریب میں شرکت کرنے والوں میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ، دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ اور تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران شامل تھے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور چینی فوج کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن کے لیے پیپلز لبریشن آرمی کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی ایک منفرد رشتہ ہے جو ہر قسم کے مشکل حالات اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط اور قائم رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور چینی فوج کے درمیان باہمی اعتماد اور غیر متزلزل تعاون کا طویل سلسلہ موجود ہے۔ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور اپنے مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط اور حقیقی شراکت دار کے طور پر فعال ہیں۔
چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے اپنے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی قربانیوں اور کلیدی کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے اس یادگاری تقریب کے بہترین انعقاد پر آرمی چیف سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
چینی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک پاکستان کی ہر سطح پر بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قائم آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے چین کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا جس سے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔