شمالی وزیرستان آپریشن، 5 خوارج ہلاک، میجر حافظ احسان الٰہی شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کامیاب کارروائی کے دوران 5 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید جھڑپ کے دوران پاک فوج کے میجر حافظ احسان الہٰی بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کی، تاہم فورسز نے مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے 5 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو انجام تک پہنچا دیا۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران میجر حافظ احسان الہٰی نے اپنے جوانوں کی قیادت انتہائی جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کی۔ وہ دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے اور وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر گئے۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت مختلف سنگین جرائم میں بھی انہیں مطلوب قرار دیا گیا تھا۔