ابتدائی عمر میں چینی سے پرہیز بچوں کی دماغی صحت کے لیے مفید قرار
ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اگر بچوں کو زندگی کے ابتدائی 2 برسوں میں چینی کم مقدار میں دی جائے یا حتیٰ الامکان اس سے دُور رکھا جائے تو مستقبل میں دماغی بیماری ڈیمنشیا کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو سکتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ابتدائی غذائی عادات انسان کی طویل المدتی صحت پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہیں۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جن بچوں کو دورانِ حمل ماں کی خوراک اور پیدائش کے بعد ابتدائی 2 سال تک کم چینی ملی، ان میں بڑی عمر میں ڈیمنشیا کا امکان تقریباً 23 فیصد کم دیکھا گیا۔
ماہرینِ طب کا کہنا ہے کہ یہ نتائج ابتدائی غذائی منصوبہ بندی کی اہمیت کو مزید واضح کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ماہرین پہلے ہی زیادہ چینی کے استعمال کو ٹائپ ٹو ذیابیطس اور دیگر میٹابولک بیماریوں سے جوڑتے رہے ہیں۔
ذیابیطس خون کی شریانوں کو متاثر کرتی ہے، جس کے نتیجے میں دماغ تک خون کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ یادداشت سے متعلق بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
تحقیق کے مرکزی مصنف ڈاکٹر جیاژین ژینگ، جو ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے وابستہ ہیں، کا کہنا ہے کہ زندگی کے ابتدائی مرحلے میں چینی کی مقدار محدود رکھنے سے دماغی نشوونما پر مثبت اور دیرپا اثرات مرتب ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
اگرچہ نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے، تاہم محققین نے واضح کیا ہے کہ اس تعلق کو مزید مضبوط سائنسی بنیادوں پر ثابت کرنے کے لیے اضافی مطالعات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین کو بچوں کی خوراک میں متوازن غذا اور کم چینی کے اصول کو ترجیح دینی چاہیے۔