گرمیوں کی تعطیلات ختم، کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے
کراچی سمیت سندھ بھر میں 2 ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری اور نجی اسکولوں و کالجوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔
یکم اگست سے طلبہ اور اساتذہ کی واپسی کے ساتھ تعلیمی اداروں میں ایک مرتبہ پھر رونقیں بحال ہو گئی ہیں، جبکہ نئے تعلیمی شیڈول پر بھی عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے فیصلے کے مطابق اس تعلیمی سال سے ہفتہ وار اضافی تعطیل بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے ہفتے میں 6 دن کھلے رہیں گے۔
نئے اوقاتِ کار کے نفاذ کے ساتھ تدریسی نظام معمول کے مطابق بحال کیا جا رہا ہے۔
تعلیمی سال کے پہلے روز بیشتر اسکولوں میں طلبہ کی حاضری معمول سے کم دیکھی گئی، جبکہ بعض نجی تعلیمی اداروں نے باقاعدہ کلاسز کا آغاز 3 اگست سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے باوجود کئی اسکولوں میں طلبہ نے نئے جوش و جذبے کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ اساتذہ نے بچوں کا استقبال مختلف تعارفی، تفریحی اور سائنسی سرگرمیوں کے ذریعے کیا تاکہ تعطیلات کے بعد ان کی دلچسپی برقرار رہے۔
دوسری جانب والدین کو واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے نئے شیڈول، کلاس ٹائمنگ اور دیگر انتظامی امور سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اسکولوں کی دوبارہ بحالی کے ساتھ ہی کراچی کی سڑکوں پر صبح کے اوقات میں ٹریفک کا دباؤ بھی معمول کے مطابق بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے رواں برس موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک دی تھیں، جن کے اختتام کے بعد تدریسی عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔