زین الدین زیڈان فرانس کی قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر
پیرس: فرانس کی قومی فٹبال ٹیم نے سابق عالمی شہرت یافتہ کپتان زین الدین زیڈان کو نیا ہیڈکوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ تجربہ کار کوچ دیدیے دیشامپ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور 2030 کے فیفا ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے تک فرانسیسی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اپنی تقرری کے بعد زین الدین زیڈان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کی قومی ٹیم کی کوچنگ سنبھالنا ان کے لیے اعزاز سے کم نہیں، یہ منصب سنبھالنا ان کی دیرینہ خواہش اور پیشہ ورانہ زندگی کا سب سے بڑا خواب تھا، جس کی تکمیل پر وہ بے حد مسرور ہیں۔
زیڈان نے بتایا کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران انہیں دنیا کے مختلف بڑے کلبوں کی کوچنگ کی متعدد پیشکشیں موصول ہوئیں، مگر انہوں نے تمام مواقع اس لیے مسترد کر دیے کیونکہ ان کی اولین ترجیح صرف فرانس کی قومی ٹیم کی کوچنگ تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس نئی ذمہ داری کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اپنی تمام تر توانائیاں ٹیم کی بہتری اور کامیابی کے لیے وقف کریں گے، ان کی کوشش ہوگی کہ فرانسیسی ٹیم مستقبل کے بڑے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور مزید کامیابیاں اپنے نام کرے۔
54 سالہ زین الدین زیڈان کو فرانس کی تاریخ کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے 1998 کے فیفا ورلڈ کپ میں فرانس کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا جبکہ 2006 کے عالمی کپ میں انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تاہم فائنل میں اٹلی کے مارکو ماتراتسی کو سر مارنے کے واقعے پر انہیں ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جو ان کے کیریئر کے یادگار اور متنازع ترین لمحات میں شمار ہوتا ہے۔
بطور کوچ بھی زیڈان نے غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کی قیادت کرتے ہوئے مسلسل 3 مرتبہ یورپی چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیتا، جبکہ ٹیم کو 2 بار ہسپانوی لیگ کا تاج بھی دلوایا۔
مئی 2021 میں ریال میڈرڈ سے علیحدگی کے بعد وہ کسی بھی کلب یا قومی ٹیم کی کوچنگ سے دور رہے، تاہم اب وہ فرانس کی قومی ٹیم کے ساتھ اپنے کوچنگ کیریئر کے نئے باب کا آغاز کریں گے۔