لاہور میں موسلا دھار بارش، چھتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی
لاہور میں وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارش نے شہری زندگی کو شدید متاثر کر دیا جبکہ مختلف علاقوں میں چھتیں اور عمارتوں کے حصے گرنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم رہا۔
ریسکیو حکام کے مطابق گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے معین، ان کی اہلیہ نورین اور بیٹی فاطمہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کی دوسری بیٹی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کی گئی۔
اسی دوران بیدیاں روڈ پر ایک اور مکان کی چھت گرنے سے اسلم، احسن اور ممتاز بی بی زخمی ہو گئے، جبکہ فیروزپور روڈ پر شاداب کالونی میلاد چوک کے قریب پیش آنے والے ایک اور حادثے میں چھت گرنے سے مزید 4 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واسا کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش سگیاں میں 143 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ فرخ آباد میں 141، پانی والا تالاب میں 129، اپر مال میں 106 اور لکشمی چوک میں 94 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شدید بارش کے باعث ڈیوس روڈ، شادمان، شاہ جمال، گورنر ہاؤس کے قریب اسکواش کمپلیکس اور دیگر متعدد نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا، جس سے آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔
واسا حکام کا کہنا ہے کہ لارنس روڈ، چوک ناخدا، وارث روڈ، ظہوالٰہی روڈ، نابھا روڈ، کریم بلاک، راوی روڈ، حاجی کیمپ، جی پی او چوک اور دیگر متاثرہ علاقوں سے نکاسیٔ آب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی مقامات پر بھی عملہ پانی کی فوری نکاسی میں مصروف ہے۔
دوسری جانب لیسکو حکام کے مطابق بارش کے باعث 37 بجلی فیڈرز عارضی طور پر متاثر ہوئے تھے، تاہم ہنگامی اقدامات کے بعد تمام متاثرہ فیڈرز کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ متعلقہ ادارے شہر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔