واٹس ایپ کا بہترین فیچر، جس سے بیشتر صارفین لاعلم ہیں
میٹا کی زیر ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز میں شمار ہوتی ہے، جہاں روزانہ اربوں پیغامات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ اگرچہ اس کے بے شمار فیچرز صارفین کی سہولت کے لیے دستیاب ہیں، لیکن ان میں سے کئی ایسے بھی ہیں جن سے بڑی تعداد اب بھی ناواقف ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق انہی کم معروف خصوصیات میں ایک سہولت پیغامات کے متن کو مختلف انداز میں تحریر کرنے کی بھی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے پیغامات کو نمایاں، منفرد اور زیادہ مؤثر بنا سکتے ہیں، بغیر کسی اضافی ایپ یا ترتیب کے۔
اگر کسی لفظ یا جملے کو موٹا انداز دینا ہو تو اس کے آغاز اور اختتام پر * کا نشان لگایا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر *text* لکھنے سے پیغام نمایاں انداز میں ظاہر ہوتا ہے۔
اسی طرح اگر متن کو ترچھے انداز میں لکھنا مقصود ہو تو لفظ یا جملے کے شروع اور آخر میں _ کا نشان استعمال کیا جاتا ہے، جیسے _text_۔ یہ انداز عام طور پر کسی خاص لفظ یا جملے پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ میں کسی عبارت پر لکیر کھینچنے کے لیے ~ کا نشان استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر کسی لفظ یا جملے کے آغاز اور اختتام پر یہ علامت لگائی جائے، مثلاً ~text~، تو وہ عبارت لکیر لگی ہوئی صورت میں نظر آتی ہے۔
اس کے علاوہ اگر صارف اپنے پیغام کو یکساں چوڑائی والے متن کے انداز میں لکھنا چاہے تو عبارت کے شروع اور آخر میں ** (تین الٹی علامتیں) لگانی ہوں گی۔ مثال کے طور پر **text“` لکھنے سے پیغام مخصوص تحریری انداز میں دکھائی دیتا ہے، جو عموماً پروگرامنگ یا تکنیکی متن کو نمایاں کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اگرچہ واٹس ایپ میں یہ سہولتیں کئی برس سے موجود ہیں، تاہم اب بھی کروڑوں صارفین ان سے واقف نہیں۔ ان آسان علامتوں کی مدد سے ہر صارف اپنے پیغامات کو زیادہ واضح، دلکش اور نمایاں انداز میں دوسروں تک پہنچا سکتا ہے۔