202627
|

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق نئے سیزن کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں ہوگا۔

بورڈ نے اس مرتبہ ڈومیسٹک کیلنڈر کو آئندہ 2027 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مختلف فارمیٹس کے مقابلوں کو ترتیب دیا ہے تاکہ قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کو بہتر مواقع میسر آ سکیں۔

اعلان کردہ پروگرام کے مطابق سیزن کے آغاز میں نیشنل چیمپئنز کپ (لسٹ اے) اور ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ریڈ بال مقابلوں میں قائداعظم ٹرافی گولڈ اور سلور ڈویژن کے ساتھ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون اور گریڈ ٹو گولڈ و سلور کا انعقاد ہوگا۔

پریذیڈنٹ ٹرافی کے تینوں ایونٹس 12 ستمبر جبکہ قائداعظم ٹرافی کے دونوں ڈویژن یکم نومبر سے شروع ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق قائداعظم ٹرافی گولڈ ڈویژن میں 8 جبکہ سلور ڈویژن میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دونوں مقابلے فرسٹ کلاس حیثیت کے حامل ہوں گے اور ان میں پروموشن اور ریلیگیشن کا نظام بھی برقرار رکھا گیا ہے، جس کے تحت ایک ٹیم اوپر اور ایک نیچے جائے گی۔

اس کے علاوہ 16 ریجنز کی ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 20 کر دی گئی ہے، جبکہ سیالکوٹ اور پشاور کو بھی لاہور اور کراچی کی طرح 2، 2 ریجنل ٹیموں کی نمائندگی دی گئی ہے۔

نیشنل ٹی 20 کپ کے گولڈ اور سلور ڈویژن کے مقابلے 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں منعقد ہوں گے۔ نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے نیشنل انڈر 19 کپ اور انڈر 19 چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے 5 دسمبر تک کھیلی جائے گی، جبکہ انڈر 15 ون ڈے کپ اکتوبر اور نومبر میں، اور انڈر 17 ٹو ڈے ٹورنامنٹ نومبر اور دسمبر کے دوران ہوگا۔ ڈسٹرکٹ چیلنج لیگز اور انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے بھی معمول کے مطابق شیڈول کا حصہ رہیں گے۔

سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون نے کہا کہ یہ سیزن کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے یادگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ڈومیسٹک اور ریجنل کرکٹ کی مالی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر سیزن کا آغاز ون ڈے ٹورنامنٹس سے کیا جا رہا ہے، جبکہ انڈر 19 کھلاڑیوں کو ریڈ بال کرکٹ کے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی تکنیکی صلاحیتوں میں مزید بہتری آ سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *