|

عالمی یومِ دماغ: کراچی میں مفت دماغی صحت کیمپوں کا انعقاد

کراچی: عالمی یومِ دماغ 2026ء (World Brain Day) کے موقع پر نیورولوجی اویرنیس اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن (NARF) کے زیرِ اہتمام، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (PIMA) کراچی اور الخدمت کے تعاون سے کراچی کے مختلف علاقوں میں مفت دماغی صحت کیمپوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔

اس سال عالمی یومِ دماغ کا موضوع “دماغی صحت سب کے لیے” (Brain Health Access for All) رکھا گیا تھا، جس کا مقصد ہر فرد تک معیاری دماغی اور اعصابی صحت کی سہولیات کی مساوی رسائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

مفت طبی کیمپوں میں شہریوں کو ماہرینِ اعصاب کی نگرانی میں طبی معائنہ، ماہرانہ مشاورت، ضروری تشخیصی ٹیسٹ اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ ان کیمپوں کا بنیادی مقصد اعصابی بیماریوں کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور عوام میں دماغی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

کیمپوں کے دوران مرگی، فالج، رعشہ (پارکنسنز)، اعصابی درد، شدید سر درد اور مائیگرین، کمر اور گردن کے درد، پٹھوں اور اعصاب کے امراض، یادداشت کی کمزوری اور ڈیمنشیا سمیت مختلف اعصابی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا مفت طبی معائنہ اور علاج کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو بیماریوں سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور مناسب علاج کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

مفت دماغی صحت کیمپ کراچی کے مختلف مقامات پر منعقد کیے گئے، جن میں ماہرینِ اعصاب نے اپنی خدمات انجام دیں۔ پروفیسر ڈاکٹر عبد المالک نے نیورو کلینک اینڈ فالج کیئر، ڈی ایچ اے فیز 2 میں، ڈاکٹر آفتاب نے برین اینڈ ہارٹ کلینک، فاران گارڈنز، گلستانِ جوہر میں، ڈاکٹر مہ زرین نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف نیورولوجیکل ڈیزیزز اینڈ ریہیبلیٹیشن (KIND-R)، اسکیم 33 میں، ڈاکٹر انیلہ عمر نے الخدمت ہسپتال، شاہ فیصل کالونی میں، جبکہ ڈاکٹر طیبہ سعید نے الخدمت عبدالسلام 1، گلزارِ ہجری میں مریضوں کا معائنہ کیا۔

ان کیمپوں میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور مفت طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔اس موقع پر نیورولوجی اویرنیس اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن (NARF) کے عہدیداران اور ماہرینِ اعصاب نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ دماغی اور اعصابی امراض دنیا بھر میں معذوری اور صحت کے مسائل کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔ تاہم بروقت تشخیص، مناسب علاج اور عوامی آگاہی کے ذریعے ان بیماریوں کے اثرات کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے کہا کہ فالج، مرگی، پارکنسنز، مائیگرین اور دیگر اعصابی بیماریوں کی علامات کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے بلکہ فوری طور پر ماہر معالج سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیورولوجی اویرنیس اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن (NARF) مستقبل میں بھی ملک بھر میں آگاہی مہمات، مفت طبی کیمپوں، تعلیمی پروگراموں اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے ذریعے دماغی اور اعصابی صحت کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *