خیبرپختونخوا میں 27 جولائی تک شدید بارشوں کاالرٹ جاری
پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا میں 27 جولائی تک موسلا دھار بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، اپر اور لوئر دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ حساس علاقوں میں مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی (فلیش فلڈ) کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جس سے کھڑی فصلوں، کمزور و خستہ حال عمارتوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ اس کے علاوہ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے کھمبوں، بڑے سائن بورڈز اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کریں، حساس علاقوں، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں، جبکہ بارشوں کے دوران اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے کے لیے مشینری اور امدادی عملہ ہر وقت تیار رکھا جائے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔