نادرا کیاسک مشین سے شناختی کارڈ کی تجدید کیسے کریں؟ مکمل طریقہ کار جان لیں
اسلام آباد: نادرا کیاسک مشین کے ذریعے اب شہری بغیر لمبی قطاروں میں کھڑے ہوئے اور ٹوکن حاصل کیے بغیر شناختی کارڈ کی تجدید یا گمشدہ شناختی کارڈ کی دوبارہ طباعت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف شہروں میں جدید خودکار کیاسک مشینیں نصب کر دی ہیں۔
نادرا کے مطابق ان مشینوں کا مقصد شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات کو تیز، آسان اور شفاف بنانا ہے تاکہ شہری کم وقت میں اپنی درخواست مکمل کر سکیں۔
نادرا کیاسک مشین استعمال کرنے کا طریقہ
سب سے پہلے مشین کی اسکرین پر اردو یا انگریزی زبان کا انتخاب کریں۔ اس کے بعد اپنا 13 ہندسوں پر مشتمل شناختی کارڈ نمبر درج کریں۔
اگلے مرحلے میں فنگر پرنٹس کی تصدیق کی جائے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ درخواست متعلقہ شہری ہی دے رہا ہے۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد اپنا فعال موبائل نمبر درج کریں۔
اگر آپ کا پاک آئی ڈی اکاؤنٹ پہلے سے موجود ہے تو ای میل ایڈریس خودکار طور پر ظاہر ہو جائے گا، بصورت دیگر آپ اپنی ای میل خود درج کر سکتے ہیں۔
اس کے بعد مطلوبہ سروس منتخب کریں، جس میں دو بنیادی آپشنز شامل ہیں:
میعاد ختم ہونے والا یا ختم ہو چکا شناختی کارڈ تجدید کرانا۔
گمشدہ شناختی کارڈ کی دوبارہ طباعت، جس میں ترسیل کا مکمل پتہ بھی درج کرنا ہوگا۔
اس کے بعد مشین میں نصب کیمرے کے ذریعے اپنی تصویر بنوائیں اور تصویر درست ہونے پر اسے منظور کریں۔ پھر ڈیجیٹل پین کی مدد سے اسکرین پر اپنے دستخط کریں۔
آخر میں سسٹم آپ کی تمام معلومات دوبارہ دکھائے گا تاکہ آپ ان کی تصدیق کر سکیں۔ تصدیق کے بعد اسکرین پر ایک QR کوڈ ظاہر ہوگا، جسے موبائل فون سے اسکین یا محفوظ کر کے آن لائن فیس ادا کی جا سکتی ہے۔
کن شہروں میں نادرا کیاسک مشین دستیاب ہے؟
نادرا کے مطابق یہ سہولت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، کراچی، حیدرآباد، سکھر، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف میگا سینٹرز اور رجسٹریشن مراکز میں دستیاب ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس سہولت کو مزید شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری جدید اور خودکار خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔