| |

ایران کو کسی قیمت پر جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، امریکی نائب صدر

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری تنازع کے حل کے لیے فوجی، معاشی اور سفارتی تمام ذرائع استعمال کرے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی بنیادی ترجیح یہ ہے کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات پیچیدہ عمل ہیں کیونکہ وہاں کا سیاسی نظام مختلف دھڑوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک گروہ کشیدگی کے خاتمے کا خواہاں ہے، جبکہ دوسرا جنگ جاری رکھنے کی حمایت کرتا ہے۔

وینس کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں امریکا کو اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے محتاط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں درست فیصلے ہی تنازع کے پائیدار حل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔

امریکی نائب صدر نے امید ظاہر کی کہ بالآخر دونوں ممالک کے درمیان کسی نہ کسی شکل میں پیش رفت ممکن ہوگی، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ عمل آسان نہیں اور کسی قابل قبول نتیجے تک پہنچنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ اگر مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں استحکام سے عالمی معیشت کو بھی مثبت اثرات حاصل ہوں گے۔

انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ جے ڈی وینس کے مطابق اس مقصد کے لیے امریکا اپنی فوجی طاقت، معاشی دباؤ اور سفارتی ذرائع سمیت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطے بھی جاری ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *