| |

ایران نواز گروہوں کے حملے کا خدشہ، سعودی عرب میں سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ

ریاض: سعودی عرب نے ایران نواز مسلح گروہوں کی جانب سے اہم تنصیبات پر ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر ملکی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں احتیاطی تدابیر کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی انٹیلی جنس اداروں نے عراقی ملیشیاؤں اور یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے جارحانہ عزائم کی نشاندہی کی ہے۔ اس حوالے سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ گروہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی رہنمائی میں سعودی عرب کے حساس مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون اور میزائل استعمال کر سکتے ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق توانائی کی تنصیبات، تجارتی بندرگاہیں اور اہم ہوائی اڈے ان گروہوں کے بنیادی اہداف ہو سکتے ہیں۔

سیکیورٹی اداروں کو ان تنصیبات کی نگرانی بڑھانے اور کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر فوری جوابی کارروائی کے لیے مکمل طور پر مستعد رہنے کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مملکت نے واضح کیا ہے کہ ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ سعودی عرب نے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری دفاعی اقدامات کو حتمی شکل دے دی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔

موجودہ کشیدہ صورتحال کے باوجود سعودی حکومت نے سفارتی سطح پر رابطے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا عمل درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، تاہم ملک کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنانا ریاض کی اولین ترجیح ہے۔

خطے میں استحکام کے لیے کوشاں سعودی قیادت نے بین الاقوامی برادری کو بھی درپیش خطرات سے آگاہ کر دیا ہے۔ عالمی سطح پر بھی سعودی عرب کی اہم تنصیبات پر حملوں کے خدشات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ریاض نے اپنی سرحدوں اور حساس اثاثوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کا گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *