جاپان‘ طوفانی بارشوں نے مزید تباہی مچادی‘ ہلاکتوں میں اضافہ
ٹوکیو : جاپان میں طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے اب تک 20 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتا ہوگئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق ملک کے مشرقی علاقے چیبا میں موسلا دھار بارش اور سیلابوں کا سلسلہ تا حال جاری ہے، جس میں ہلاکتیں اور متعدد لاپتا بھی ہیں۔ نیوز ایجنسیز کے مطابق محکمہ موسمیات نے علاقہ چیبا میں 24 گھنٹے کے دوران 400 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارش سے 28 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم اور خراب موسم کے باعث 10 ہزار سے زائد مسافر ائرپورٹس پر ہی پھنس گئے، ٹرینیں منسوخ اور اہم شاہراہیں بھی بند کردی گئی ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے امدادی کارروائیوں کے لیے فوج کی مدد بھی طلب کی گئی ہے۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس میں مزید ہلاکتوں کی رپورٹ بھی آنے کو ہے، شہریوں کو محفوظ بھی مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ یہ بات بھی علم میں رہے کہ جاپان کی محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا کہ مزید 4 روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، شہری بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔