12 سے 17 سال کے بچوں کے لیے نیا اکاؤنٹ متعارف
اسلام آباد: ایزی پیسہ نے 12 سے 17 سال کی عمر کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے نیو جین اکاؤنٹ متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت والدین اپنے بچوں کے نام پر ایزی پیسہ اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔
ایزی پیسہ کی ویب سائٹ کے مطابق نیو جین اکاؤنٹ والدین کی جانب سے کھولا جائے گا، جس کے بعد بچوں کو رقم کی منتقلی، موبائل لوڈ، رقم کی بچت اور کیو آر پیمنٹس سمیت مختلف ڈیجیٹل مالی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔
اکاؤنٹ کیسے کھولا جائے؟
نیو جین اکاؤنٹ کھولنے کے لیے والدین کو اپنی ایزی پیسہ ایپ میں لاگ اِن کرنا ہوگا، جس کے بعد پروفائل مینو میں موجود اوپن نیو جین اکاؤنٹ کے آپشن کو منتخب کرنا ہوگا۔
اس کے بعد بچے سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرنا ہوں گی، جن میں بچے کا موبائل نمبر، فارم ب یا شناختی کارڈ نمبر اور متعلقہ دستاویز کے اجرا کی تاریخ شامل ہے۔
بچوں کو کیا سہولیات ملیں گی؟
ایزی پیسہ کے مطابق نیو جین اکاؤنٹ کے ذریعے بچے موبائل لوڈ، رقم کی منتقلی، رقم کی بچت اور کیو آر ادائیگیوں سمیت مختلف سہولیات استعمال کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس اکاؤنٹ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل مالی لین دین سے روشناس کرانا اور انہیں جدید مالی سہولیات استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
ایک والدین زیادہ سے زیادہ دو نیو جین اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں۔
اکاؤنٹ کھلنے کے بعد بچہ اپنی ایزی پیسہ ایپ کھول کر اپنا پن بنا سکے گا، جس کے بعد وہ نیو جین اکاؤنٹ کے تحت دستیاب سہولیات استعمال کر سکے گا۔
18 سال کی عمر مکمل ہونے پر کیا ہوگا؟
ایزی پیسہ کے مطابق جب نیو جین اکاؤنٹ استعمال کرنے والا بچہ 18 سال کی عمر کو پہنچے گا تو اسے اپنے اکاؤنٹ میں شناختی کارڈ کی تفصیلات اپ ڈیٹ کرنا ہوں گی۔
شناختی معلومات اپ ڈیٹ کرنے کے بعد اکاؤنٹ کو عام صارف اکاؤنٹ کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔
نیو جین اکاؤنٹ ان والدین کے لیے مفید سہولت ثابت ہو سکتا ہے جو اپنے بچوں کو کم عمری سے ڈیجیٹل ادائیگیوں، رقم کے انتظام اور بچت کے بنیادی طریقوں سے روشناس کرانا چاہتے ہیں۔