انڈونیشیا میں متعدد افراد کو زخمی کرنے اور اسکول بند کروانے والے بندر کو پکڑ لیا گیا
انڈونیشیا میں 17 افراد کو زخمی کرنے والا جنگلی بندر دو ہفتے کی کوششوں کے بعد پکڑا گیا
انڈونیشیا کے صوبے ریاؤ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران لوگوں پر حملوں اور کاٹنے کے متعدد واقعات کا باعث بننے والے جنگلی بندر کو بالآخر حکام نے پکڑ لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع ٹمبیلاہان میں بندر کے حملوں سے تقریباً 17 افراد زخمی ہوئے، جن میں بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔ بندر نے گھروں کے باہر اور سڑکوں پر لوگوں کو نشانہ بنایا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بندر کو پکڑنے کے لیے پولیس، فوج، فائر فائٹرز اور جنگلی حیات کے اہلکاروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔ ریاؤ نیچرل ریسورسز کنزرویشن ایجنسی نے اس مقصد کے لیے تین جال بچھائے، جن میں سے ایک کے ذریعے بالغ نر بندر کو زندہ پکڑ لیا گیا۔
پولیس چیف ڈونی ایکو لسٹینٹو کے مطابق، بندر کو سخت محنت کے بعد ٹمبیلاہان قصبے سے گرفتار کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق مسلسل حملوں کے باعث مقامی انتظامیہ نے ضلع ٹمبیلاہان کے اسکول بھی تین روز کے لیے بند کرتے ہوئے طلبہ کو آن لائن کلاسز لینے کی ہدایت کی تھی۔