دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور خانکی کے بعد ہیڈ قادرآباد پر بھی اونچے درجے کا سیلا ب آ گیا
لاہور: دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور ہیڈ خانکی کے بعد ہیڈ قادرآباد پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق ہیڈ قادرآباد پر پانی کی آمد 2 لاکھ 36 ہزار کیوسک تک پہنچ چکی ہے۔
دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بڑھ کر 73 ہزار 635 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ بیراج پر بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔
بلوچستان کے سبی ڈویژن میں دریائے لہڑی کے ہیڈ گوگی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 95 ہزار 913 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب سیالکوٹ میں دریائے چناب میں پھنس جانے والے پانچوں افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ افراد کام کے سلسلے میں دریا پار گئے تھے، تاہم واپسی کے دوران ان کی کشتی خراب ہونے کے باعث وہ دریا میں پھنس گئے تھے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں کے بعد بھارت نے دریائے چناب میں پانی کا بڑا ریلہ پاکستان کی جانب چھوڑ دیا ہے۔
حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد ملک میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے پیشِ نظر سیالکوٹ اور وزیرآباد سمیت ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔