|

6 لاکھ روپے کے صرف 4 آم: پھلوں کے بادشاہ کی قیمت نے سب کو حیران کردیا

عام طور پر آم کی قیمت چند سو روپے فی کلو ہوتی ہے، لیکن جاپانی نسل کے مشہور میازاکی آم نے ایک بار پھر اپنی غیرمعمولی قیمت کے باعث دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

بھارت میں اس نایاب آم کی فروخت ایسی قیمت پر ہوئی جس نے پھلوں کی عالمی منڈی میں ایک نئی بحث چھیڑ دی۔

بھارتی ریاست میں کاشتکار سندیپ چوہدری نے اپنی فصل سے حاصل ہونے والے میازاکی آم 2 لاکھ 11 ہزار بھارتی روپے فی کلو میں فروخت کیے۔ پاکستانی کرنسی کے حساب سے یہ قیمت تقریباً 6 لاکھ 12 ہزار روپے بنتی ہے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ ایک کلو میں صرف 4 آم شامل تھے، جس کے باعث ہر ایک آم کی قیمت بھی غیرمعمولی سطح پر پہنچ گئی۔

کاشتکار کے مطابق یہ نایاب آم معروف تاجر پروین گپتا نے خریدے، جو گزشتہ برس سے اس منفرد قسم کے آم حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے۔ فروخت کے بعد سندیپ چوہدری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اعلیٰ معیار کی پیداوار نے ان کی محنت کا بھرپور صلہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ میازاکی آم اپنی گہری سرخ رنگت، خوشبو اور منفرد ذائقے کی وجہ سے دنیا کے قیمتی ترین پھلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اسے ’ایگ آف دی سن‘ یعنی ’سورج کا انڈہ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس میں وٹامن اے، وٹامن سی، بیٹا کیروٹین اور اینٹی آکسیڈنٹس عام آموں کے مقابلے میں زیادہ مقدار میں پائے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ نہ صرف ذائقے بلکہ غذائیت کے اعتبار سے بھی منفرد مقام رکھتا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *