عالمی سطح پر
|

عالمی سطح پر جنگوں اور غیر یقینی صورتحال کے باعث دفاعی اخراجات میں مسلسل 11 ویں سال اضافہ

دنیا بھر میں جنگوں، کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے باعث دفاعی اخراجات میں اضافے کا سلسلہ مسلسل 11ویں سال بھی جاری رہا۔ 2025 میں عالمی فوجی اخراجات 2.9 فیصد اضافے کے بعد 3 ہزار 887 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق 2025 میں سب سے زیادہ فوجی اخراجات کرنے والے ممالک میں امریکا، چین اور روس سرفہرست رہے۔ تینوں ممالک کے مجموعی دفاعی اخراجات ایک ہزار 471 ارب ڈالر رہے، جو عالمی فوجی اخراجات کا 51 فیصد بنتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا کے فوجی اخراجات میں 7.5 فیصد کمی کے باوجود وہ دنیا میں سب سے زیادہ دفاعی اخراجات کرنے والا ملک رہا، جس نے 954 ارب ڈالر خرچ کیے۔

عالمی فوجی اخراجات میں اضافے میں یورپ کا نمایاں کردار رہا، جہاں دفاعی بجٹ میں 14 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی اخراجات 864 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

بھارت کے فوجی اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ بھارت نے دفاعی اخراجات میں 8.9 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 92 ارب ڈالر سے زائد خرچ کیے، جبکہ پاکستان کے فوجی اخراجات 11 فیصد اضافے کے بعد 11.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے دفاعی اخراجات میں 4.9 فیصد کمی ہوئی اور وہ 48.3 ارب ڈالر رہے۔ ایران کے فوجی اخراجات میں بھی مسلسل دوسرے سال کمی ریکارڈ کی گئی، جو 5.6 فیصد کمی کے بعد 7.4 ارب ڈالر رہ گئے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *