ایک بار پھر فوجی ایکشن سے سفارتکاری کا وقت آ گیا، ہم پر دباؤ بڑھانے سے امریکا رعایتیں حاصل نہیں کرسکتا: ایران
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایک بار پھر فوجی اقدام کے ذریعے سفارتکاری کو آگے بڑھانے کا وقت آ گیا ہے۔ ان کے مطابق ایران پر دباؤ بڑھا کر امریکا وہ رعایتیں حاصل نہیں کرسکتا جو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا حصہ نہیں تھیں۔
محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں امریکی حکام ہیگسیتھ اور بیسنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حیثیت سے بڑھ کر باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’مسخروں کی ٹیم‘‘ کوئی کرشمہ نہیں دکھا سکتی اور یہ انتظار بھی ختم ہونا چاہیے کہ کوئی جادوگر ٹوپی سے خرگوش نکال کر بحران کا حل پیش کردے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بحری ناکہ بندی ختم ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔ ان کے مطابق تیل پر عائد پابندیاں اٹھانے، منجمد اثاثے بحال کرنے اور فوجی کارروائیاں روکنے تک آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رہے گی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ فوجی اقدام کے ذریعے سفارتکاری کو مکمل کیا جائے اور وعدوں کی خلاف ورزی کا عملی جواب دیا جائے۔