عوام خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں ٗ بھتہ ٹیکس واپس لیا جائے،منعم ظفر خان
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گورنر ہاؤس پر جاری دھرنے کے 29ویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں پیٹرولیم لیوی، جسے وہ بھتہ ٹیکس قرار دیتے ہیں، ملک کا ایک اہم عوامی مسئلہ بن چکا ہے۔ عوام حکمرانوں سے خیرات نہیں بلکہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام پر بھاری مالی بوجھ ڈال دیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف بتائیں کہ عوام کو مزید کتنا نچوڑا جائے گا۔
منعم ظفر خان نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 3,137 ارب روپے وصول کیے جبکہ تنخواہ دار طبقے سے 700 ارب روپے اور بڑے جاگیرداروں سے صرف 10 ارب روپے وصول کیے گئے،حکمران مفت پیٹرول، مفت بجلی اور دیگر مراعات حاصل کررہے ہیں جبکہ عام شہری مہنگائی اور اضافی ٹیکسوں کا بوجھ برداشت کررہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ ملک بھر میں جاری ہیں۔ ان احتجاجی دھرنوں کا بنیادی مقصد عوام کو پیٹرولیم لیوی کے بوجھ سے نجات دلانا اور آئی پی پیز کے معاہدوں میں عوامی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دی ہے، جس کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور کراچی سمیت ملک بھر سے عوام اس مارچ میں شرکت کی تیاری کررہے ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ 10 فروری سے 10 ستمبر کے دوران بھارت میں ڈیزل کی قیمت میں 9 فیصد جبکہ بنگلہ دیش میں 15 فیصد اضافہ ہوا، اس کے مقابلے میں پاکستان میں ڈیزل کی قیمت میں 41 فیصد اضافہ کیا گیا، یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ پاکستانی عوام کو مسلسل مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جارہا ہے۔
انہوں نے ایران کے صدر کی جانب سے ایک دن حکومتی سربراہ کے سائیکل پر دفتر آنے کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کے ساتھ اپنی مراعات کم کرنے کے لیے بھی تیار نہیں۔ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا احساس کرنا ہوگا اور اپنے شاہانہ اخراجات اور مراعات میں کمی لانا ہوگی۔
منعم ظفر خان نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام موصول ہوا ہے کہ منگل کو پیٹرولیم لیوی جبکہ بدھ سے آئی پی پیز کے معاملے پر مذاکرات کیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے اور امید ہے کہ آئی پی پیز کے معاملے میں ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مزید مہنگی بجلی اور ناجائز مالی بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور گورنر ہاؤس پر جاری دھرنا کسی فرد یا جماعت کے مفاد کے لیے نہیں بلکہ عام پاکستانی شہری کے لیے ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے واضح کیا کہ جب تک عوام کو حقیقی ریلیف نہیں ملتا، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور آئی پی پیز کے مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں اور ذرائع ابلاغ سے بھی مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی جیسے اہم عوامی مسئلے کو اجاگر کیا جائے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے جاری رہیں گے اور ساتھ ہی 20 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کی تیاریاں بھی بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا اور جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں عوام کے حق میں مثبت اور عملی فیصلے سامنے آئیں۔