حکومت 100 روپے
|

حکومت 100 روپے ریلیف دینے پر مجبور ہوئی، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، حافظ نعیم

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے موٹرسائیکل، رکشے اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ظالمانہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی ہے، پیٹرول اسکیم کے باوجود پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشے اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کی وزیراعظم کی اسکیم کا جائزہ لیا جائے گا، اس اعلان سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری جماعت اسلامی کی جدوجہد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد، لانگ مارچ اور دھرنے لیوی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ پیٹرول ریلیف اسکیم کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد جماعت اسلامی آج رات اپنا باقاعدہ موقف دے گی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام کو محض عارضی ریلیف نہیں بلکہ پیٹرولیم لیوی کے ظالمانہ بوجھ سے مستقل نجات درکار ہے۔ جماعت اسلامی اسی مطالبے کے لیے ملک بھر میں احتجاج کررہی ہے اور حکومت پر واضح کرچکی ہے کہ عوام کے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاجی تحریک ختم نہیں کی جائے گی۔

جماعت اسلامی کے مطابق پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں دھرنوں کا 29واں روز ہے۔ لاہور، کراچی، پشاور، راولپنڈی، ہری پور اور سوات سمیت مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں جبکہ سکھر، چترال، تیمرگرہ اور دیگر مقامات پر بھی احتجاجی کیمپ قائم ہیں، ملک بھر میں 35 سے زائد مقامات پر دھرنے اور احتجاجی سرگرمیاں جاری ہیں۔

جماعت اسلامی کے مطابق دھرنوں کے ساتھ ساتھ 20 ستمبر کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ کی تیاریاں بھی بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ لانگ مارچ کے ساتھ دھرنے بھی جاری رکھے جائیں گے اور حکومت کی جانب سے مذاکرات میں جتنی تاخیر ہوگی، احتجاجی دھرنوں کا دائرہ بھی اتنا ہی وسیع ہوتا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو حقیقی ریلیف دلوانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ عوام کا بنیادی مطالبہ ہے اور حکومت کو اس معاملے پر سنجیدہ اور عملی فیصلہ کرنا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن آج بٹ خیلہ اور تیمرگرہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب بھی کریں گے، جہاں وہ پیٹرولیم لیوی، مہنگائی اور 20 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سے جماعت اسلامی کے آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *