|

آزاد کشمیر میں زور زبردستی سے حکومت بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، بلاول

میرپور: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے آزاد کشمیر کے انتخابی عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرپور کے عوام نے پیپلز پارٹی کو اکثریت دلائی ہے اور اب پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے ووٹ کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں میرپور سے پونچھ تک جو صورتحال پیدا کی جا رہی ہے، اس پر سوال اٹھتا ہے کہ آیا اسے جمہوری عمل قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور ووٹرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور نہ ہی کسی دباؤ کے سامنے جھکے گی۔ انہوں نے چوہدری یاسین کے انتخابی نتائج پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کے مطابق ایک نشست پر کامیابی اور آبائی حلقے میں شکست کے نتائج قابلِ قبول نہیں ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں کی گئیں،پیپلز پارٹی عوام کے ووٹ اور جمہوری حق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی اور سیاسی راستہ اختیار کرے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت ریاست پاکستان اور قومی مفاد کے ساتھ کھڑی ہے، پیپلز پارٹی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے والی جماعت ہے اور قومی مفاد کے معاملے پر حکومت اور ریاست کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

بلاول زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کسی سیاسی جماعت کے مفاد کے لیے اپنے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور فیصلہ کریں کہ کسی سیاسی جماعت کا مفاد زیادہ اہم ہے یا پاکستان کا قومی مفاد۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی آئینی اور سیاسی حیثیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور کسی کو بھی وہاں جبر یا دباؤ کے ذریعے حکومت قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، آزاد کشمیر کو کسی صورت مقبوضہ کشمیر جیسی صورتحال سے دوچار نہیں ہونے دیا جائے گا۔

چیئرمین بلاول زرداری نے الزام عائد کیا کہ مخالف سیاسی جماعت نے پہلے سے ایک منصوبہ تیار کر رکھا تھا، جس کے تحت آزاد کشمیر میں دباؤ، خوف اور مایوسی کی فضا پیدا کی گئی،عوام کو انتخابی عمل سے دور رکھنے اور ووٹرز کی تعداد کم کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ مبینہ طور پر انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونا آسان ہو سکے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کم ٹرن آؤٹ کی صورت میں مبینہ دھاندلی اور زور زبردستی سے حکومت قائم کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، پیپلز پارٹی عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ اور رائے کا احترام ضروری ہے اور کسی بھی سیاسی جماعت کو عوامی مینڈیٹ کے خلاف حکومت بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *