|

برطانوی خاتون نے 97 سال کی عمر میں ایک اور منفرد عالمی ریکارڈ حاصل کرلیا

لندن: برطانیہ کی 97 سالہ بیٹی برومیج نے فالج سے صحت یاب ہونے کے ایک سال بعد دوبارہ وِنگ واکنگ کا کامیاب مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ہی گینیز ورلڈ ریکارڈ مزید بہتر بنا دیا۔

ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ ان کی اس کامیابی نے عمر اور جسمانی مشکلات کے باوجود عزم کی نئی مثال قائم کی ہے۔

چیلٹنہم سے تعلق رکھنے والی بیٹی برومیج نے آر ایف سی رینڈ کومب ایئر فیلڈ میں چلتے ہوئے طیارے کے پروں پر کھڑے ہو کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس وقت ان کی عمر 97 سال اور 127 دن تھی، جس کے بعد وہ دنیا کی معمر ترین خاتون وِنگ واکر کا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں۔

انہوں نے پہلی مرتبہ 87 برس کی عمر میں وِنگ واکنگ کی تھی۔ اس کے بعد اب تک وہ یہ مہم 6 مرتبہ مکمل کر چکی ہیں، جبکہ 2022 میں 93 سال کی عمر میں بھی اسی شعبے میں گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بیٹی برومیج نے کہا کہ اگر وہ ایسے منفرد کام نہ کریں تو زندگی بے حد بور محسوس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کمزور بینائی اور گاڑی نہ چلا سکنے کے باوجود وہ وہی کام کرنا چاہتی ہیں جو اب بھی ان کی پہنچ میں ہیں۔

اگست 2025 میں انہیں فالج ہوا تھا، جس کے اثرات اب بھی ان کی گفتگو میں محسوس کیے جا سکتے ہیں، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور دوبارہ فضائی مہم کے لیے خود کو تیار کیا، جسے کامیابی سے مکمل کیا۔

اس بار کی وِنگ واکنگ کا ایک اہم مقصد خیراتی سرگرمی بھی تھا۔ بیٹی برومیج نے اس مہم کے ذریعے چیلٹنہم جنرل ہاسپٹل کے اسٹروک یونٹ کے لیے فنڈز جمع کیے، جہاں گزشتہ سال ان کا علاج کیا گیا تھا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *