کیا آپ ایک ماہ تک بغیر دھوئے شرٹ پہن سکتے ہیں؟ نئی ٹیکنالوجی متعارف
واشنگٹن: امریکی ملبوسات ساز کمپنی ہیرکلیون نے ایک انقلابی ٹی شرٹ متعارف کرائی ہے جو مسلسل ایک ماہ تک پہنے جانے کے باوجود بدبو سے محفوظ رہے گی۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ جدید لباس روزانہ استعمال کے بعد بھی دھلائی کا متقاضی نہیں ہوگا۔
ہیرک شرٹ وی 5.0 نامی اس پراڈکٹ کی تیاری میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ گرمی اور پسینے کے باوجود یہ شرٹ اپنی تازگی برقرار رکھتی ہے۔ کمپنی نے اس کے ریشوں میں ایسے خاص اجزاء شامل کیے ہیں جو بدبو کو پیدا ہونے سے روکتے ہیں۔
اس شرٹ کی تیاری میں سونا، چاندی، تانبا، زنک اور آتش فشاں پہاڑوں سے حاصل کردہ راکھ سمیت سات خصوصی اجزاء شامل کیے گئے ہیں۔ ان اجزاء کو کپڑے کی سطح پر لگانے کے بجائے براہ راست دھاگوں کے اندر پرویا گیا ہے تاکہ ان کا اثر لمبے عرصے تک قائم رہے۔
کمپنی حکام نے کہا کہ تانبا بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش کو روکتا ہے جبکہ زنک پسینے سے بننے والے سلفر کے مضر مرکبات کو غیر مؤثر بناتا ہے۔ آتش فشانی راکھ نمی اور ناگوار بدبو کو جذب کرکے کپڑے کو دیر تک تازہ رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
بار بار دھلائی کی ضرورت نہ ہونے کے باعث اس لباس کی پائیداری عام شرٹس کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ کمپنی نے اس منفرد ایجاد کی قیمت 79 امریکی ڈالر مقرر کی ہے۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ نومبر کے آغاز سے اس کی باقاعدہ ترسیل کا عمل شروع کر دیا جائے گا جو صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔
ابتدائی مرحلے میں یہ شرٹ صرف سیاہ رنگ میں متعارف کرائی جا رہی ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ بعد ازاں اسے نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگوں میں بھی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اس ٹیکنالوجی سے ملبوسات کی صنعت میں ایک نئی اور دلچسپ بحث کا آغاز ہو چکا ہے۔