اٹارنی جنرل کے گھر چھاپہ مارنے پر ایس ایچ او سمیت 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
لاہور: اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر پر چھاپہ مارنے کے معاملے پر ایس ایچ او سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان نے بتایا کہ پولیس نے چھاپہ مارا تو گھر پر صرف ملازمین موجود تھے۔ ان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے گھر کے باہر رکھے گملے بھی توڑ دیے اور جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کا سسٹم بھی ساتھ لے گئے۔
ڈرائیور کے مطابق اطلاع ملنے پر اٹارنی جنرل میٹنگ ختم کرکے گھر پہنچے تو پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ڈیلیٹ کرنے کے بعد ڈی وی آر واپس کر گئی۔ ایس ایچ او تھانہ سرور روڈ کی قیادت میں پولیس پارٹی 27 جولائی کی شام 6 بجے گیٹ پھلانگ کر اٹارنی جنرل پاکستان منصور اعوان کے گھر میں داخل ہوئی اور وہاں موجود ملازمین کو ہراساں کیا۔
پولیس کے مطابق اٹارنی جنرل کے ساتھ والے گھر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع تھی، تاہم غلطی سے پولیس اہلکار اٹارنی جنرل کے گھر میں داخل ہو گئے۔
پولیس نے ایس ایچ او سرور روڈ عرفان سمیت 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں چارج شیٹ کر دیا۔