ضلع کرم میں قیام امن کیلئے اہم پیشرفت ، امن معاہدے کی تجدید کیلئے ہونیوالا جرگہ کامیاب
پارا چنار میں ضلع کرم کے علیزئی اور وتیزئی قبائل کے درمیان امن معاہدے کی تجدید کے لیے منعقدہ جرگہ کامیاب ہوگیا۔ جرگے میں دونوں قبائل نے مستقل بنیادوں پر امن، ترقی اور خوشحالی کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر کرم فہد وزیر کے مطابق علیزئی میں منعقدہ اہم جرگے کے دوران امن معاہدے کی ابتدائی طور پر چار ماہ کے لیے تجدید کی گئی ہے۔ اس مدت کے دوران تمام قبائل امن معاہدے کی مکمل پاسداری کریں گے، جبکہ چار ماہ بعد معاہدے میں خودکار طور پر مزید ایک سال کی توسیع ہوجائے گی۔
فہد وزیر نے کہا کہ امن معاہدے میں توسیع ضلع کرم میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ تمام قبائل پرامن ماحول برقرار رکھنے، ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرنے اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ علیزئی اور وتیزئی قبائل کے درمیان ایک سال قبل امن معاہدہ طے پایا تھا، جس کی اب دوبارہ تجدید کردی گئی ہے۔