سمندری طوفان ڈولفن کے باعث چین کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی،شنگھائی میں بارش کا150سال پراناریکارڈٹوٹ گیا
بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)سمندری طوفان ڈولفن کے باعث چین کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، جبکہ شنگھائی میں بارش کا تقریباً ڈیڑھ سو سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
چینی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شنگھائی میں 312.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو 1872 کے بعد شہر میں ریکارڈ ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔
رپورٹس کے مطابق تانگ چیاؤ اسٹیشن پر بارش کی مقدار 400 ملی میٹر تک پہنچ گئی، جس کے باعث مختلف علاقوں میں صورتحال سنگین ہوگئی۔
سمندری طوفان ڈولفن کے اثرات کے باعث چین کے دیگر شہروں میں بھی شدید بارشیں جاری ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔