حکومت نے تحریک انصاف کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دے دی
وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ سیاسی مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک بار پھر پیش رفت کرتے ہوئے جماعت کو باضابطہ طور پر مذاکرات کی نئی دعوت دے دی ہے۔ حکومتی رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ سیاسی اختلافات کا حل صرف اور صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال اور مذاکرات کی بحالی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی نمائندوں نے پی ٹی آئی کو تجویز دی کہ مذاکرات پارلیمنٹ ہاؤس میں اسی مقام پر کیے جا سکتے ہیں جس کی نشاندہی خود تحریک انصاف کی جانب سے کی جائے تاکہ دونوں فریق باہمی مشاورت کے ذریعے سیاسی معاملات کو آگے بڑھا سکیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی مسائل کا پائیدار حل محاذ آرائی نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت بات چیت کے لیے اپنی آمادگی پہلے ہی ظاہر کر چکی ہے اور اب فیصلہ تحریک انصاف کو کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے قائد حزب اختلاف کو مذاکرات کی جو دعوت دی گئی تھی، اس پر تاحال کوئی باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا۔
حکومت کو امید ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اس دعوت کو سنجیدگی سے لے گی اور سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکراتی عمل میں مثبت کردار ادا کرے گی۔