دی ٹیلی گراف نے پاکستان کو دنیا کے منفرد سیاحتی مقامات میں شامل کرلیا
لندن: معروف برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے پاکستان کو دنیا کے ان منفرد سیاحتی مقامات میں شامل کیا ہے جہاں برف پوش پہاڑ، پُرسکون وادیاں، قدیم تہذیب اور مہم جوئی کے مواقع سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
دی ٹیلی گراف میں شائع ہونے والے خصوصی ٹریول فیچر میں معروف ٹریول رائٹرز بینیڈکٹ ایلن اور سارہ مارشل نے پاکستان کے قدرتی، تاریخی اور ثقافتی حسن کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی سیاحوں کو ملک کے مختلف علاقوں کا رخ کرنے کی ترغیب دی ہے۔
خصوصی مضمون میں بالخصوص شمالی پاکستان کے دلفریب مناظر کو نمایاں کیا گیا ہے، قراقرم کے برف پوش پہاڑوں کی متعدد چوٹیاں 25 ہزار فٹ سے بھی بلند ہیں جبکہ ہنزہ کی خوبصورت وادی، بلند گلیشیئرز، جنگلی پھولوں سے سجے میدان اور بلند و بالا پہاڑی سلسلے پاکستان کو ایک منفرد سیاحتی مقام بناتے ہیں۔
ٹریول فیچر میں شاہراہِ قراقرم کو انجینئرنگ کا شاندار کارنامہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ شاہراہ پاکستان اور چین کو ملاتی ہے اور قراقرم، ہمالیہ اور ہندوکش کے عظیم پہاڑی سلسلوں سے گزرتے ہوئے سیاحوں کو قدرتی مناظر سے بھرپور سفر کا موقع فراہم کرتی ہے۔
مضمون میں شمالی پاکستان کے دور دراز پہاڑی علاقوں میں آباد لوگوں کی سادگی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا ہے، یہاں آنے والے سیاح صرف قدرت کے حیرت انگیز مناظر ہی نہیں دیکھ سکتے بلکہ مقامی آبادی کی زندگی، روایات اور ثقافت کو بھی قریب سے جاننے کا موقع حاصل کرتے ہیں۔
دی ٹیلی گراف نے پاکستان کے قدرتی حسن کے ساتھ اس کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو بھی نمایاں کیا ہے۔ مضمون میں قدیم شاہراہِ ریشم، لاہور کی 17ویں صدی کی بادشاہی مسجد اور ہزاروں سال قدیم وادی سندھ کی تہذیب کا خصوصی ذکر کیا گیا ہے۔
ٹریول فیچر کے مطابق پاکستان کی خوبصورتی صرف بلند پہاڑوں اور وادیوں تک محدود نہیں بلکہ ملک کا قدیم تاریخی ورثہ اور متنوع ثقافت بھی اسے دنیا کے دیگر سیاحتی مقامات سے منفرد بناتی ہے۔
دی ٹیلی گراف کی جانب سے پاکستان کو اس فہرست میں شامل کیے جانے کو ملک کے سیاحتی امکانات کے اعتراف کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ فہرست میں پاکستان کے علاوہ ترکمانستان، گیبون، انگولا، تیمور لیستے، نکاراگوا، گیانا، آرمینیا، جمہوریہ کانگو، ویسٹ پاپوا اور پاپوا سمیت دیگر مقامات بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ دی ٹیلی گراف اس سے قبل 2024 میں بھی اپنے ایک خصوصی سیاحتی فیچر میں پاکستان کو شامل کرچکا ہے، جس میں ملک کے قدرتی حسن اور سیاحتی امکانات کو اجاگر کیا گیا تھا۔