کراچی میں جماعت اسلامی کے کارکنان پر فائرنگ،وزیر آباد میں ریلی پر پولیس کا دھاوا
کراچی: شارع فیصل پر احتجاج کے لئے جانے والے جماعت اسلامی کے کارکنان پر نیشنل اسٹیڈیم کے قریب فائرنگ کی گئی ہے۔جبکہ پنجاب کے وزیر آباد میں پرامن احتجاجی ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور کارکنان پر بہیمانہ تشدد کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جائے وقوعہ سے متعدد خول ملے ہیں، معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کے قریب کارکنان پر فائرنگ کی گئی جس کی مذمت کرتے ہیں، ہمارا احتجاج پرامن ہے۔
ادھر صوبہ پنجاب وزیرآباد جماعت اسلامی کی پرامن احتجاجی ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور کارکان پر بہیمانہ تشدد کیا گیا۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور بھاری ٹیکسز کے خلاف ملک گیر پرامن احتجاج کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں نمائش سے شارع فیصل تک ریلی بھی نکالی جا رہی ہے۔جبکہ شہر بھر سے مختلف ریلیاں شارع فیصل پہنچنا شروع ہوگئیں ہیں۔