|

انتخابات کو متنازع بنانے کی سازش ناکام، کشمیر کاز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر کے مؤقف پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور نہ ہی تشدد یا طاقت کے ذریعے کسی کو اپنی مرضی مسلط کرنے کی اجازت دی جائے گی، آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے انتشار پھیلانے والے عناصر کو مسترد کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں عوام نے بھرپور شرکت کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا، تاہم بعض عناصر اس کامیاب انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کرتے رہے، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی پرامن انتخابات کے انعقاد کو قبول نہیں کر سکی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث افراد کے قبضے سے ممنوعہ اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، جس سے ان کے عزائم بے نقاب ہو گئے، تمام تر کوششوں کے باوجود انتخابات کامیابی سے مکمل ہوئے اور خاص طور پر میرپور ڈویژن میں 6 لاکھ ووٹ ڈالے گئے، جو عوام کے جمہوری عمل پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ حالیہ واقعات کے بعد شرپسند عناصر کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے، جبکہ وفاقی حکومت ہر معاملے میں آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کی موجودہ تحریک عوام کو حقوق دلانے کے بجائے ان سے جمہوری حقوق چھیننے کی کوشش ہے، اس پرتشدد تحریک میں ملکی اور غیرملکی عناصر بھی شامل ہیں، جو احتجاج کی آڑ میں بدامنی اور دہشت گردی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ کسی بھی پرامن احتجاج میں اسلحے کا استعمال نہیں ہوتا، جبکہ ان واقعات میں تشدد اور ہتھیاروں کا استعمال اس بات کا ثبوت ہے کہ بعض عناصر کے مقاصد جمہوری نہیں تھے، کشمیری عوام نے ووٹ کی طاقت سے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور انتشار پھیلانے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات میں سے 37 تسلیم کر لیے تھے، اس کے باوجود احتجاج جاری رکھنا بلاجواز ہے، بعض گروہوں نے پرتشدد احتجاج کے ذریعے انتخابی عمل رکوانے کی کوشش کی، تاہم جب وہ اپنے مقاصد میں ناکام ہوئے تو انہوں نے بدامنی اور فساد کا راستہ اختیار کر لیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *